گورنر سندھ کا ایتھلیٹ کو 20 لاکھ روپے اور پلاٹ اور اہل خانہ کو آئی فون 15 کا تحفہ
کراچی (نیامحاذ۔ 15 اگست 2024ء ) کراچی میں ارشد ندیم پر لاکھوں روپے اور پلاٹوں کی برسات ہو گئی ۔ آج نیوز کے مطابق ارشد ندیم کو گورنر سندھ نے بیس لاکھ بطور انعام پیش کیا ۔ پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین بزنس مین علی شیخانی کی جانب سے 30 لاکھ روپے کا تحفہ ارشد ندیم کودیا گیا۔ ریحان چاولہ کی جانب سے ایک لاکھ روپے دیئے گئے ۔ جی ایف ایس کی طرف سے 3 سو گزکا پلاٹ دیا گیا۔
ارشد ندیم کی پوری فیملی کو آئی فون ففٹین کا تحفہ بھی ملا۔ جی ایف ایس کی جانب سے ارشد ندیم کو اکیڈمی کے لئے بھی پلاٹ دیا گیا ہے۔ انعامات ملنے پر ارشد ندیم نے کہا کہ اتنا پیار ملا کہ الفاظ ختم ہوگئے ہیں، قوم ٹوکیو ورلڈ ایتھلیٹ ٹورنامنٹ 2025ء کے لئے بھی دعا کریں جیسے میرے لئے پہلے دعا کی تھی۔
قبل ازیں ارشد ندیم اپنے کوچ کے ہمراہ خصوصی طیارے سے پی اے ایف شارع فیصل بیس کراچی پہنچے، بعد ازاں ان کو خصوصی پروٹوکول میں گورنر ہائوس پہنچایا گیا۔
گورنر ہاؤس آمد پر گورنر سندھ نے ارشد ندیم کا پرتپاک استقبال کیا، گورنر نے ملاقات کے دوران ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا، گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے ایونٹ میں ریکارڈ ساز کامیابی پا کر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
0