اسلام آباد (نیا محاز )پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے والےاور ریکارڈ بنانے والے اولمپیئن ارشد ندیم نے پاکستانی قوم کی جانب سے کی گئی دعاؤں اور ملنے والی پذیرائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی کے پیچھے بڑی محنت ہے اور میں عالمی ریکارڈ توڑنا چاہتا تھا۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور اپنے کوچ سمیت دیگر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے اپنے والدین اور پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی دعاؤں سے پیرس اولمپکس میں صرف گولڈ میڈیل نہیں جیتا بلکہ ریکارڈ بھی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے ہماری بڑی محنت ہے، 2012 میں شہباز شریف کی جانب سے کروائے گئے مقابلوں میں حصہ لیا تھا اور 2014 میں بھی میڈیلز جیتے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2012 کا یوتھ فیسٹول وقت پر لگا تھا تو اس کا ثمر ملا اور آگے جاؤں گا، 2015 میں نئے کوچ ملے اور ٹوکیو اولمپکس میں بھی بڑی کامیابی حاصل کی۔
ارشد ندیم نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کے بعد میرے کوچ سلمان بٹ نے اپنے بچوں سے بڑھ کر میرا خیال رکھا، ہم نے محنت کی اور دولت مشترکہ اور ورلڈ اسلامک گیمز میں 90 پلس کا ریکارڈ توڑا۔
انہوں نے کہا کہ بدھا پسٹ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میڈیل جیتا، اس کے ساتھ میں انجری کا بھی شکار ہوا لیکن ڈاکٹروں کی محنت سے صحت یاب ہوا۔
اولمپیئن نے کہا کہ 6 اگست کو جب کوالیفائی راؤنڈ ہوا تو پہلے تھرو پر فائنل کے لیے کوالیفائی ہوا اور امید پیدا ہوئی کہ گولڈ میڈیل کے لیے مقابلہ کروں گا اور وہی ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب پہلی تھرو کی تو رن اپ خراب ہوا کیونکہ احساس اچھا تو بڑا تھرو کرنا اور پھر دوسرا تھرو کیا تو کوشش کی رن اپ بھی اچھی کرنی ہے اور تھرو بھی بڑی کی۔
ارشد ندیم نے کہا کہ دوسری تھرو 92.97 ہوئی اور اسی تھرو سے اللہ نے عزت دی، اس کے بعد کوچ سے ملا تو کہا کہ میں ان شااللہ ورلڈ ریکارڈ کروں گا لیکن اولمپکس کا ریکارڈ بنا۔
انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ میں بڑے اچھے طریقے سے استقبال کیا گیا بلکہ جہاں سے گزرتا گیا اور پوری قوم نے عزت دی، میں نے جو محنت کی تھی اس کا پھل پوری قوم نے دیا اور بلکہ ابھی تک دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہمارے گاؤں آئی اور مجھے بڑی عزت دی اور اتنی عزت دی ہے جس پر میں بہت خوش ہوں۔
ارشد ندیم نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مجھے عزت دی اور یہاں بلایا ہے، پاکستانی قوم اور وزیراعظم سب نے مجھے بہت عزت دی ہے جو میڈل سے بڑھ کر ہے، میں پوری پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں کیونکہ مجھے اتنی عزت دے رہے ہیں اور میرے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اگست کے مہینے میں اتنی بڑی کامیابی دی ہے، کل 14 اگست ہے ان شااللہ اس میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے۔