ملتان (نیا محاز )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ملتان ایئرپورٹ پر خصوصی اجلاس ہوا جس میں ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کو ملتان ڈویژن میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس، سی ایم اینیشیٹوز اور امن امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ملتان ڈویژن میں منڈیوں میں لگائے گئے عوام دوست سیل کاؤنٹرز کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان ڈویژن کے تمام اضلاع میں بیک وقت عوام دوست سیل کاؤنٹرز لگانے پر خوشی کا اظہار کیا اورستھرا پنجاب مہم میں اچھی کارکردگی پر کمشنر ملتان مریم خان کو شاباش بھی دی۔
دوران اجلاس وزیر اعلیٰ مریم نوازنے ملتان ڈویژن میں سیوریج اورصفائی کی شکایات کو فوری حل کرنے کا حکم بھی دیا اور شہر کی خوبصورتی پر خصوصی فوکس کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی انیشیٹیوز کے ثمرات ملتان کے عوام تک یقینی طور پر پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں پر کنٹرول میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،افسران بھرپور مانیٹرنگ کریں،سرکاری نرخ سے زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے،شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریاں لگائی جائیں،امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر کھیل ایوب کھوکھر، معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، کمشنرو آر پی او ملتان ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔