0

نریندر مودی کی پاکستانی، مسلم بہن قمر شیخ راکھی باندھنے کیلئے تیار، جلد دہلی پہنچیں گی

نئی دہلی (نیا محاز)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پاکستانی اور مسلم بہن قمر شیخ ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنے بھائی کو راکھی باندھنے کے لئے تیار ہیں، جلد دہلی پہنچ جائیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو مذہب کے تہوار رکھشا بندھن پر نریندر مودی کی مسلمان بہن قمر شیخ گزشتہ 29 برسوں سے راکھی باندھ رہی ہیں اور رواں سال 30ویں بار اپنے بھائی کی کلائی پر راکھی باندھنے کے لئے پر امید ہیں۔خیال رہے کہ قمر شیخ کا تعلق کراچی کے مسلم گھرانے سے ہے۔ 1981 میں ان کی شادی محسن شیخ نامی بھارتی شخص سے ہوئی جس کے بعد سے وہ ہجرت کرکے بھارت آگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 1990 میں گجرات کے گورنر ڈاکٹر سوروپ سنگھ تھے، انہوں نے قمر شیخ اور نریندر مودی کی ملاقات کروائی تھی۔انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈاکٹر سوروپ سنگھ سے ملاقات کے لئے ایئرپورٹ گئی تھیں، کیونکہ وہ مجھے اپنی بیٹی کہتے تھے، جب یہ بات نریندر مودی کو پتا چلی تو انہوں نے مجھے اپنی بہن بنالیا اور اس وقت سے میں انہیں راکھی باندھ رہی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ جب ان کی ملاقات نریندر مودی سے ہوئی تھی اس وقت وہ سوروپ سنگھ کے کارکن تھے، اس وقت میں نے انہیں دعا دی تھی کہ ایک دن آپ گجرات کے وزیر اعلیٰ بن جائیں گے اور جب دعا قبول ہوگئی تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔
اس کے بعد جب میری ملاقات رکھشا بندھن پر ہوئی تو نریندر مودی نے مجھ سے پوچھا کہ اب میری اپنے بھائی کے لئے کیا خواہش ہے؟، جس پر میں نے انہیں دعا دی کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بن جائیں۔ میں خوش قسمت ہوں کہ میری دعا قبول ہوئی۔ آج وہ مسلسل تیسری بار ملک کے وزیر اعظم بن گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں