کراچی (نیا محاز)وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بجلی بلوں کی ادائیگی لوگوں کی برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہے، بجلی کے بلوں کے ایشو پر سندھ حکومت نے وفاق سے بات کی ہے، امید ہے وفاق بجلی کے بلوں سے متعلق مسائل حل کرے گا۔
شرجیل میمن نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ تھر منصوبے سے 2640 میگا واٹ بجلی بن رہی ہے، تھر منصوبے کو دیگر پارٹیوں نے روکا ہے۔پاکستان میں سستی بجلی تھر کے کوئلے سے بن رہی ہے، تھر میں اتنا کوئلہ ہے کہ دو سو سال تک ایکسپورٹ کر سکتے ہیں، وفاقی حکومت سے کئی بار بجلی سستی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جَلد خوشخبری ملے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ معاشرے میں منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، جامعات اور کالجز میں لوگوں کے منشیات کے ٹیسٹ ہوں گے، پاکستان کا اس وقت بڑا چیلنج منشیات کا ہے۔تمام ادارے منشیات کی روک تھام کے لیے کردار ادا کریں، 14 اگست کے بعد منشیات سے متعلق سیمینار کرائیں گے، منشیات پر قابو پانے کے لیے پولیس نے بہت اچھا کام کیا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے ساڑھے سات ہزار سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے، منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی مرکز بنا رہے ہیں، سوشل ویلفیئر اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔