0

پنجاب کابینہ نے سرویلنس اور کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز کیلئے 27 کواڈکاپٹرز خریدنے کی منظوری دیدی

لاہور ( نیا محاز )وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا مشن تیزی سے پایۂ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کابینہ نے پنجاب میں سرویلنس اور کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز کیلئے 27 کواڈکاپٹرز خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے جدید کواڈکاپٹرز کی خریداری بارے محکمہ داخلہ پنجاب کی سمری منظور کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جدید کواڈکاپٹرز کی خریداری کیلئے 21 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی یے۔ اٹک، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، راجنپور اور رحیم یار خان کیلئے 20 سرویلنس کواڈکاپٹرز لینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اسی طرح میانوالی، ڈی جی خان، راجنپور اور رحیم یار خان کیلئے پے لوڈ لیجانے والے 7 کواڈکاپٹرز لیے جائیں گے۔ پے لوڈ لیجانے والے کواڈکاپٹرز ایک وقت میں 80 ایم ایم کے 2 مارٹر گولے ٹارگٹ پر داغ سکتے ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور وسائل مہیا کر رہے ہیں اور جدید کواڈکاپٹرز کی خریداری سے کچے کے علاقوں اور بارڈر ایریا میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں