0

ملک بھر میں ساون کا دھواں دھار سپیل، لاہور اور کراچی میں بادل برس پڑے

لاہور، کراچی (نیا محاز ) ملک بھر میں ساون کے دھواں دھار سپیل کا آغاز ہوچکا ہے، لاہور اور کراچی میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔باغوں کے شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حبس اور گرمی کی بھی چھٹی ہوگئی۔علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں بارشیں متوقع ہیں، مظفر آباد میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، راولپنڈی سے مظفرآباد کو ملانے والی شاہراہ دولائی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو چکی ہے۔ادھر شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی پھلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، ویٹا چورنگی اور کورنگی کے اطراف میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے، گودام چورنگی، کلفٹن، حسین آباد، لیاقت آباد، شریف آباد میں بھی بادل برسے جبکہ سٹیڈیم روڈ، طارق روڈ، سندھی مسلم سوسائٹی میں بوندا باندی نے رنگ جما دیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب ہے تاہم ۰وب، بارکھان، کوہلو، لورا لائی، سبی ، خضدار، ہرنائی اور زیارت میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ جعفر آباد، قلات، آواران، نصیر آباد ، کیچ اور پنجگور میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں