انقرہ ( نیا محاز ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نہتے فلسطینیوں پر حملے بند نہ کرنے پر اسرائیل کو بڑی دھمکی دے دی ۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل خطے میں جارحیت کو بند کرے ورنہ جیسے ہم کاراباخ اور لیبیا میں داخل ہوئے تھے ایسے ہی اسرائیل میں بھی داخل ہو جائیں گے۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ غزہ کی حمایت میں اسرائیل پر حملہ بھی کر سکتے ہیں، ہمیں مضبوط اور طاقتور ہونا ہوگا تاکہ اسرائیل غزہ میں مزید فلسطینیوں کا خون نہ بہا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 39,324 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، شہداء میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، بمباری میں 90,830 افراد زخمی ہوئے ہیں۔