واشنگٹن(نیا محاز ) غزہ میں جنگ کے خلاف اور فلسطین کے حامی یہودیوں نے کیپیٹل ہل میں احتجاج کیا اور اسرائیلی وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے موقع پر جنگ روکنے کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطین کے حامی مظاہرین کیپیٹل ہل میں قائم کینن ہاﺅس کی عمارت میں جمع ہوئے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے (یہودیوں) کے نام پر یہ سب مت کریں جبکہ مظاہرین نے امریکا سے اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی آمد کے موقع پر احتجاج کرنے والے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، اس دوران مظاہرین ’غزہ کو جینے دو‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ امریکی صدرجو بائیڈن اسرائیلی وزیراعظم سے جمعرات کو ملاقات کریں گے جبکہ سابق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم کی ملاقات بھی جمعہ کو ہوگی۔
دوسری جانب اسرائیل کے شہر تل ابیب میں بھی اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ نیتن یاہو آج امریکی کانگریس سے خطاب میں غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی ڈیل کا اعلان کریں۔