اسلام آباد (نیا محاز ) سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد صالح ظافر نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ آئینی اصلاح کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے،ماورائے آئین فیصلوں سے پیدا صورتحال سے عہدہ برآ ہونے کے لئے انتظامی سطح کے اقدامات کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ نئے اقدامات کے خاکے میں ہر سطح کی عدالتوں میں تطہیر کو یقینی بنایا جائے گا، اس سلسلے میں حکمران اتحاد کے اعلیٰ سطح کے صلاح مشورے آج سے شروع ہوجائیں گے۔
“جنگ ” کے مطابق صالح ظافر نے مزید لکھا کہ تحریک انصاف کو خلاف آئین قرار دینے اور اس پر پابندی لگانے کے فیصلے میں پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی۔ پیپلزپارٹی نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن )کو باضابطہ طور پر یقین دلایا ہے کہ وفاقی کابینہ آئین کی دفعہ 6 کے تحت عارف علوی، عمران نیازی اور قاسم سوری کےخلاف کارروائی، تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے اور خصوصی نشستوں کے حوالے سے متنازع عدالتی فیصلے سمیت حالات میں سدھار لانے کے لئے جواقدام بھی کرے گی مکمل تائید کی جائے گی۔