اسلام آباد(نیا محاز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی بات کرنے والے کسی اور دنیا میں رہتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ آرٹیکل 6کا مقدمہ نہیں بن سکتا،آرٹیکل 6کی بات کرنے والوں نے شاید قانون نہیں پڑھا،ان کاکہناتھا کہ پارلیمنٹ میں بنائے گئے قانون کو بھی عدلیہ کہتی ہے کہ خلاف آئین ہے کیا ان پر اراکین پر آرٹیکل 6لگے گا؟بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آ گیا ہے وہ اب تبدیل نہیں ہوگا، قانون میں ایسی کوئی اجازت نہیں کہ حکومت کو کوئی پارٹی پسند نہ ہو تو وہ اس پر پابندی لگا دے،انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کے فیصلے ہمیشہ آمروں نے کئے ہیں کسی جمہوری حکومت نے نہیں کئے، پاکستان میں ایسی کوئی سیاسی جماعت نہیں جو دہشتگردی میں ملوث ہو،بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ حکومت توشہ خانہ کا ایک اور کیس لے آئی ہے،بانی پی ٹی آئی کے خلاف سارے کیسز ختم ہو جائیں گے۔