0

کپل دیو کا کینسر میں مبتلا سابق ساتھی کرکٹر کے علاج کیلئے اپنی پنشن دینے کا اعلان

نئی دہلی(نیا محاز )بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے سابق کرکٹر انوشمن گائیکواڈ کے علاج کے لئے اپنی پنشن دینے کا اعلان کیا ہے۔

بھارت کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والی ٹیم کے کپتان کپل دیو نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر انوشمن گائیکواڈ کی مالی مدد کرے جو اس وقت بلڈ کینسر کا شکار ہیں اور لندن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ کپل دیو نے کہا کہ ان کے ساتھ کھیلنے والے باقی کھلاڑی جن میں سنیل گواسکر، سندیپ پٹیل، مدن لال، روی شاستری، کیرتی آزاد اور دیگر کھلاڑی بھی گائیکواڈ کے علاج کے لئے امداد جمع کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ سابق بھارتی کپتان نے امید ظاہر کی کہ بی سی سی آئی اس معاملے کو دیکھے گا اور گائیکواڈ کے علاج کے لئے مالی امداد کرے گا۔کپل دیو کا کہنا تھا خوشی ہے کہ آج کے کھلاڑی اچھے پیسے کما رہے ہیں، ہمارے وقت بورڈ کے پاس اتنا پیسہ نہیں تھا، آج انہیں سابقہ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا چاہئے مگر بدقسمتی سے ہمارے پاس کوئی سسٹم نہیں، لوگ پیسے کہاں بھیجیں؟ ایک ٹرسٹ ہونا چاہئے تاکہ لوگ وہاں اپنی رقم دیں اور میرے خیال سے بی سی سی آئی یہ کام کرسکتی ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ٹرسٹ موجودہ اور سابقہ کھلاڑیوں کا خیال رکھے اور اگر ہماری فیملی ہمیں اجازت دے تو ہم اس میں اپنی پنشن کی رقم بھی دینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں