0

سپریم کورٹ کے فیصلے پر فیصل واوڈا کا ردعمل بھی آگیا، پی ٹی آئی کیلئے مزید مشکلات قرار دیدیا

اسلام آباد(نیا محاز )مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر سینیٹر فیصل واوڈا نے ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کیلئے مزید مشکلات شروع ہو ں گی،فارورڈبلاک، جھگڑے اور فسادات شروع ہو ں گے،کیونکہ ان کی نامزدگی تو چیئرمین نے کرنی ہے اور چیئرمین خود چیئرمین کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہاکہ آج کے فیصلے نے پاکستان کو ایک اقتصادی بحران میں کھڑا کر دیا ہے، سٹاک ایکس چینج گر گئی ہے،تاجر کمیونٹی نے اس فیصلے کو مسترد کردیا ہے،یہ بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ اس فیصلے سے کسی ایک عام آدمی کو کیا فائدہ ہوا،اس کی غربت کم ہو گئی یا اس کے بجلی کے بل کم ہو گئے۔
فیصل واوڈا نے کہاکہ عدالتی فیصلے سے آرٹیکل 51صفحہ ہستی سے مٹ گیاہے،ایسا لگ رہا ہے کہ آئین کو دوبارہ لکھا گیا ہے،ان کاکہنا تھا کہ لاجک سے کام لیا گیا ہے لاء سے نہیں، ان کاکہناتھا کہ کیس لیکر سنی اتحاد کونسل گئی تھی عدالت نے پی ٹی آئی کو ریلیف دیدیا،جو چیز عدالت سے مانگی ہی نہیں گئی تھی ان سب کے بھی فیصلے آگئے،یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے،اس فیصلے سے پی ٹی آئی کیلئے مزید مشکلات ہونگی اور ایک فارورڈ بلاک نظر آئے گا، فیصل واوڈا کا کہناتھا کہ آنے والے 15دنوں میں پی ٹی آئی میں ٹوٹ پھوٹ ہونیوالی ہے،بانی پی ٹی آئی جتنا عرصہ جیل میں رہیں گے اتنا ہی پی ٹی آئی کو فائدہ ہوگا، اور وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان جیل میں رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں