نئی دہلی (نیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 09 جولائی2024ء) بھارت کے ارب پتی اننت امبانی اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تیاری کے لیے ایک نجی تقریب میں پرفارم کرنے کے لئے امریکی گلوکار جسٹن بیبر کو 10 ملین ڈالر کا معاوضہ دیا گیا۔ایک نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی سنگیت کی محفل کے لیے گلوکار جسٹن بیبر کو خصوصی طورممبئی بلوایا گیا تھا اور انہوں نے پرفارمنس کے لیے امبانی خاندان سے 10 ملین ڈالر پیشگی معاوضہ لیا ۔
اننت اور رادھیکا کی شادی کی مرکزی تقریب 12 جولائی کو امبانی خاندان کی ملکیتی جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ہو گی جس میں 16 ہزار افراد کو ٹہرانے کی گنجائش ہے۔تاہم مقامی ذرائع کے مطابق امبانی کی27 منزلہ خاندانی حویلی اور کنونشن سنٹر کے گرد موجود تمام فائیو سٹار ہوٹلز 12 سے 14 جولائی کے لئے بک ہو چکے ہیں ۔شادی بندھن کی تقریب کے بعد 13 جولائی کو شبھ آشیرواد اور 14 جولائی کو منگل اتسو (شادی کا استقبالیہ) کی تقریبات منعقد ہوں گی جس میں دنیا بھر سے سلبریٹیز کی شرکت متوقع ہے ۔