0

پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارش سے جل تھل لیکن آج کہاں کہاں بارش متوقع ہے؟ جانئے

لاہور (نیا محاز ) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی جس کے بعد تھرپارکر، عمرکوٹ، سکھر، لاڑکانہ، قمبراورشہداد کوٹ میں بارش کا امکان ہے۔

آج نیوز کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ 8 اور 9 جولائی کو کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔

جھنگ اور گردونواح میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا ۔جھنگ میں صبح سویرے سے ہی آسمان پر گہرے بادلوں کا راج تھا تیز اور ٹھنڈی ہوائوں سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔مون سون کی پہلی بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے مچلوں اور بچوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئےتاہم شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہے ۔

لاہور میں بارش نے گرمی کی چھٹی کرادی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی لیکن لیسکو کے کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بندش نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا۔
رات بھر سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ شہر میں سب سے زیادہ فرخ آباد اور تاج پورہ کے علاقے میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اقبال ٹاؤن 44 ملی میٹر، پانی والا تالاب 43، گلشن راوی 42، مغلپورہ 40 اور لکشمی کے علاقے میں 39 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اپر مال کے علاقے میں 38، گلبرگ میں 28، قرطبہ چوک میں 25 اور جیل روڈ پر 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گوجرانوالہ ،چھانگا مانگا اوکاڑہ پتوکی ساہیوال شیخوپورہ منڈی بہاؤالدین اور دیگر مقامات پر کالی گھٹائیں جم کر برسیں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، مختلف مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔آزاد کشمیر بھی جم کر میگھا برسی،سماہنی، میرپور، ڈڈیال اور چکسواری میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
زیارت پشین قلعہ عبداللہ قلعہ سیف اللہ ، بارکھان،شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، قلات، خضدار، لسبیلہ میں آج برسات کی پیشگوئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ اسپیل کہیں آٹھ جولائی تک تو کہیں نو جولائی تک جاری رہے گا۔پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں