اسلام آباد (نیا محاز )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چاہت فتح علی خان کا گانا بدوبدی زیر بحث آ گیا۔
چیئرمین رانا محمود الحسن کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ کابینہ ڈویژن نے سول ایوارڈز کے طریقہ کار میں تبدیلی کی ہے۔ اب سول ایوارڈز کے لیے دیکھا جاتا ہے کہ شخصیت نے اپنے شعبے میں معمول سے بڑھ کر کیا کام کیا ہے۔
سپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ گلوکاروں کو ایوارڈز کے لیے ان کی یوٹیوب پر ویڈیوز کے ویوز کو بھی دیکھا جاتا ہے۔
دورانِ اجلاس چاہت فتح علی خان کے گانے بدوبدی کا بھی تذکرہ ہوا۔ سینیٹر عامر چشتی نے سوال کیا کہ کیا بد و بدی کو بھی ایوارڈ کے لیے زیر غور لایا جائے گا؟، جس پر سپیشل سیکرٹری نے جواب دیا کہ بد وو بدی جیسے گانے کے ویوز تو پاکستان کی آبادی سے بھی بڑھ گئے ہیں۔
سینیٹر عامر چشتی نے چیئرمین کمیٹی سے پوچھا کہ آپ نے وہ گانا (بدوبدی) سنا ہے، جس پر چیئرمین کمیٹی رانا محمود الحسن نے کہا کہ جی بالکل سنا ہے اور سن کر میرے سر میں درد ہوگیا۔