0

برطانوی الیکشن، لیبر پارٹی کے مسلم امیدواروں نے بھی میدان مار لیا

لندن(نیا محاز )برطانیہ میں ہونے والے انتخابات میں لیبر پارٹی کے مسلم امیدواروں نے بھی میدان مار لیا،برمنگھم کے علاقے لیڈی وُڈ میں لیبر پارٹی کی شبانہ محمود 15552 ووٹ سے جیت گئیں۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق برمنگھم ہی کے علاقے ہال گرین اینڈ موسلی سے طاہر علی برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ لیبر کے عمران حسین بھی بریڈ فورڈ ایسٹ سے کامیاب ہوئے ہیں۔

گلاسگو کے علاقے ساؤتھ ویسٹ سے زبیر احمد کو کامیابی ملی ہے جبکہ بیڈ فورڈ میں محمد یاسین بھی برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق 2021 کی مردم شماری میں انگلینڈ اور ویلز میں مسلمانوں کی آبادی کی شرح 6.5 فیصد تھی۔ سکاٹ لینڈ میں مسلمانوں کی آبادی ایک لاکھ 19 ہزہار 872 ہے، جو مجموعی آبادی کا 2.2 فیصد بنتی ہے۔ برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈ فورڈ جیسے شہروں کا شمار برطانیہ کے ان علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں مسلمان ووٹروں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جو پارلیمان تحلیل کی گئی، اس میں مسلم اراکین کی تعداد 19 تھی۔ امکان ہے کہ منتخب ہونے والے دارالعوام کے نئے ارکان میں مسلمان سیاستدانوں کی تعداد اور زیادہ ہوجائے گی۔
برطانیہ کی مسلم کمیونٹی نے ’مسلم ووٹ‘ کے نام سے دسمبر 2023ء میں ایک مہم شروع کی تھی، جس کا مقصد مقامی مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے پر آمادہ کرنا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں