دوشنبہ( نیا محاز ) وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ تاجکستان کے دو روزہ دورے پر دوشنبہ پہنچ گئے۔
دوشنبہ ایئرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ، تاجک وزیر توانائی و آبی وسائل دلیر جمعہ، تاجک نائب وزیر خارجہ فرخ شریف زادہ، دوشنبہ کے مئیر جمشید تبر زادہ اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور اور اعلیٰ سرکاری و سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ایئرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ نے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف دوشنبہ میں اسماعیل سامانی کی یادگار پر بھی گئے ، وزیراعظم نے اسماعیل سامانی کی یادگار پر پھول چڑھائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسماعیل سامانی وسط ایشیا کی تاریخ شخصیت اور تاجکستان کا قومی ہیرو ہے جس نے نویں اور دسویں صدی میں تاجکستان اور خراسان کے علاقے پر حکومت کی اور تاجک قوم کو تاریخ ساز ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔وزیراعظم اپنے دورے میں تاجک قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے،وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم تاجکستان کے ساتھ قازقستان کا دورہ بھی کریں گے،وفاقی وزراءاسحاق ڈار، خواجہ آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کونسل آف ہیڈزآف سٹیٹ اور ایس سی او پلس کے 2 اجلاسوں میں شرکت کریں گے،وزیر اعظم کا دورہ تاجکستان، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کا حصہ ہے۔اس کے علاوہ فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی،دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔
سربراہی اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔