0

جسٹس بابر ستار اور فیملی کا ذاتی ڈیٹا کس نے لیک کیا؟ عدالت کا ایکس کے چیف لیگل افسر کو خط

اسلام آباد(نیا محاز ) جسٹس بابر ستار اور ان کی فیملی کا ذاتی ڈیٹا کس نے لیک کیا؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے ایکس چیف لیگل آفیسر کو اہم خط لکھ دیا، جس میں ایکس ڈیٹا لیک کرنے والے کے اکاؤنٹ کی شناخت میں معاونت مانگی گئی۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرار ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ کے ذریعے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس چیف لیگل آفیسر کو اہم خط لکھ دیا، ایکس چیف لیگل آفیسر کو اسلام آباد ہائیکورٹ لارجر بینچ کی ہدایت پر خط لکھا گیا۔وزارت خارجہ اور امریکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے لکھئے گئے خط میں ایکس سے پاکستانی تحقیقاتی اداروں کو متعلقہ معلومات فراہم کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ ایکس اگر اپنا نمائندہ ہائیکورٹ کے سامنے بھیجنا چاہے تو بھیج سکتا ہے، ایکس اگر نمائندہ بھیجتا ہے تو قابل تعریف عمل ہو گا، خط میں ایکس ڈیٹا لیک کرنے والے کے اکاؤنٹ کی شناخت میں معاونت کرنے کا کہتے ہوئے کہا گیا کہ اگر منظم مہم تھی تو اس کے لنکس کے حوالے سے بھی ایکس معاونت کرے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق ایکس کی جانب سے یو کے اور بھارتی حکومتوں کو اس سے قبل معاونت دینے کا حوالہ بھی خط کا حصہ ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق رجسٹرار نے کہا کہ وزارت خارجہ اور پاکستانی ہائی کمیشن امریکا خط کی سروس کرا کے رپورٹ جمع کرائیں، پاکستان کے تحقیقاتی اداروں کی جانب سے نشاندہی کئے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی خط کے یاتھ منسلک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں