0

9 مئی مقدمات، تفتیش میں شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دیدیا گیا

جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے دہشتگردی سمیت 7مقدمات میں متضاد بیانات اور شواہد کی بنا پر قصوروار قرار دیا ہے،9 مئی کے واقعات پر شاہ محمود قریشی سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے ،جے آئی ٹی ٹیم

لاہور(نیا محاز اخبارتازہ ترین۔26جون 2024 ) پاکستان تحریک انصا ف کے رہنماءاور سابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کو 9مئی مقدمات کی تفتیش کے دوران قصور وار قرار دیدیا گیا، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے دہشتگردی سمیت 7مقدمات میں سابق وزیرخارجہ کو قصور وار قرار دیا،شاہ محمود قریشی کو تمام مقدمات کی تفتیش کرنے والی ٹیم نے متضاد بیانات اور شواہد کی بنا پر قصوروار قرار دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات پر شاہ محمود قریشی سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے ۔ جلاو گھیراو اور پر تشدد واقعات میں شاہ محمود قریشی کا عمل دخل ڈیجیٹل شواہد میں بھی ثابت ہوا۔جے آئی ٹی کی تحقیقاتی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی۔رہنماءپی ٹی آئی کو ساتوں مقدمات میں قصور وار قرار دے کر چالان عدالت میں جمع کروادیا گیا۔

یہ بھی بتایاگیا ہے کہ جے آئی ٹی شاہ محمود قریشی کا بیان ریکارڈ کرنے تین بار جیل گئی۔سابق وزیر خارجہ کیخلاف سانحہ نو مئی دہشت گردی سمیت سات مقدمات کی تفتیش جاری تھی۔واضح رہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جے آئی ٹی نے چند روز قبل اڈیالہ جیل کا دورہ کیا تھااور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کے خلاف 9 مئی کے تشدد کے مقدمات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی۔
8 رکنی جے آئی ٹی نے ایس پی عثمان کی سربراہی میں انسپکٹر عالم اور اے ایس آئی ایوب اور دیگر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین سے 2 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ جے آئی ٹی کے ارکان اپنی تفتیش مکمل کرنے کے بعد واپس لاہور چلے گئے تھے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے نو مئی کے جلاو گھیراو مقدمات میں ضمانتیں انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں دائر کیں تھیں۔
شاہ محمود قریشی نے رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں مو¿قف اپنایا تھاکہ شاہ محمود قریشی پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے گئے تھے۔درخواست میں کہا گیا تھاکہ شاہ محمود قریشی کو حقائق کے برعکس گرفتار کیا گیاتھا اور استدعا کی گئی کہ عدالت شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں