0

میڈیا ورکرزکو ویج ایوارڈ کے مطابق تنخواہیں ، مراعات ملنی چاہئیں ‘عظمیٰ بخاری

لاہور (نیا محاز اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 12 جون2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وفاقی حکومت کو میڈیا ورکرز کے نویں ویج ایوارڈ پر عملدرآمد کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز کو ویج ایوارڈ کے مطابق تنخواہیں اور مراعات ملنی چاہئیں ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ویج ایوارڈ صحافیوں کا ہر دور میں درینہ مطالبہ رہا ہے، بدقسمتی ہے کوئی حکومت اس پر عملدرآمد نہیں کرواسکی، ویج ایوارڈ کے مطابق صحافیوں کو وہ تمام سہولیات و مراعات ملیں گی جو سرکاری ملازمین کو ملتی ہیں۔

رپورٹرز،کیمرہ مین،فوٹوگرافر،سب ایڈیٹر حقیقی معنوں میں جرنلزم کی پہچان ہیں ، ان میڈیا ورکرز کا حق مریم نواز انکو دلوائیں گے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے مشروط کرنے کا قانون پہلے سے موجود ہے، وفاقی حکومت اس پر عملدرآمد کرے ،پنجاب حکومت اسی اصول کے تحت اشتہارات جاری کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے بھی گزارش ہے میڈیا ورکرز کو انکا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں، پنجاب حکومت اس معاملے میں وفاقی حکومت سے ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں