0

غیرقانونی پرسنل لون ایپس کے خلاف ایس ای سی پی کا کریک ڈاؤن جاری منگل

اسلام آباد(نیا محاز اخبارتازہ ترین – آن لائن۔ 11 جون2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عوام الناس اور سادہ لوح لوگوں کو غیر قانونی لون ایپس سے قرض کے جال میں پھنسنے سے بچانے کے لیے، غیر قانونی پرسنل لون ایپس کے لیے ایپ اسٹورز، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کی مسلسل مانیٹرنگ کرتا ہے۔ اسی تناظر میں ایک غیر قانونی لون ایپ جو کہ ”ڈی ڈی کریڈٹ” کے نام سے سوشل میڈیا کے ذریعے سادہ لوح عوام کو مختلف مالی پراڈکٹ کے لالچ میں اپنے جال میں پھنسا رہی تھی،کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اس غیر قانونی ایپ کی اطلاع پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھارٹی اور فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کو دے دی گئی ہیاور اس ایپ کو سوشل میڈیا پر بلاک کر دیا گیا ہے۔ ایس ای سی پی نے اب تک موثر ان ہاؤس مانیٹرنگ اور عوامی شکایات کی روشنی میں 141 غیر قانونی ایپس کی نشاندہی کر کے انہیں گوگل، ایپل اور پی ٹی اے کو رپورٹ کر کے بلاک کیا گیا ہے۔

دیگر اداروں کے ساتھ مربوط لائحہ عمل ان غیر قانونی ایپس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم ثابت ہوا ہے۔

واضح رہے کہ، غیر قانونی ایپس صارف کی ذاتی معلومات/حساس مالی ڈیٹا کے غلط استعمال، دھوکہ دہی، بلیک میلنگ/ہراساں کرنا وغیرہ کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس لیے عوام کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی ویب سائٹ سے غیر قانونی ایپس یا ای میل یا سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کیے گئے لنکس کو ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں