بیجنگ (نیا محاز )چین کا مشن چانگ ای 6 کامیابی سے چاند پر اتر گیا بیجنگ میں ریسرچ سینٹر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کا مشن چانگ ای سکس بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق صبح کامیابی کے ساتھ چاند پر اتر گیا مشن کی کامیابی پر بیجنگ میں ریسرچ سینٹر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔چائنا نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن نے اعلان کیا کہ Chang’e-6 پروب جنوبی قطب آئٹکن بیسن میں اترا، جہاں یہ چاند کی سطح سے نمونے جمع کرنا شروع کردے گا۔رپورٹ کے مطابق چانگ ای سکس پہلا مشن ہے
جو چاند کے اس حصے پر اترا ہے جو سب سے دور سمجھا جاتا ہے اور یہ تحقیقی مقاصد کے لئے چاند سے پتھر اور مٹی اکٹھا کر کے زمین پر لائے گا۔2019 کے بعد یہ دوسری لینڈنگ ہے جو کوئی مشن کامیابی سے چاند کے اس مقام تک پہنچا ہے اس سے قبل بھی یہ کارنامہ چین نے ہی انجام دیا تھا جب چینگ ای 4 نے وہاں کامیاب لینڈنگ اور تحقیقات مکمل کی تھیں۔چین کے منصوبوں میں 2030 تک چاند پر خلابازوں کو اتارنا اور اس کے قطب جنوبی پر ایک تحقیقی اڈا بنانا ہے، یہ چاند کا وہ حصہ ہے جہاں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ پانی برف کی شکل میں موجود ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چانگ ای 6 لینڈر کے ذریعے جمع کئے گئے نمونے چاند، زمین اور نظام شمسی کی ابتدا اور ارتقا میں کلیدی اشارے فراہم کر سکتے ہیںجبکہ یہ مشن خود چین کے قمری عزائم کو آگے بڑھانے کے لئے اہم ڈیٹا اور تکنیکی مشق فراہم کرتا ہے۔واضح رہے کہ چینی مشن 3 مئی کو چاند کی جانب روانہ ہوا تھا اور یہ مشن 53 دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس مشن کے ساتھ پاکستان کی پہلی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر بھی بھیجی گئی تھی جو چاند کے مدار میں گھوم کر وہاں سے نایاب تصاویر بھیج رہی ہے۔