0

دوبدی‘ فیم ماڈل وجدان راؤ نے چاہت فتح علی کے ساتھ دوبارہ کام کرنے سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

لاہور (نیا محاز ) کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان کے ساتھ ان کے وائرل گانے ’اکھ لڑی بدو بدی‘ میں پرفارمنس کرنے والی ماڈل وجدان راؤ نے دوبارہ گلوکار کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کردیاہے۔

نجی ویب سائٹ ’ڈان نیوز ‘کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں ہی چاہت فتح علی خان نے ماڈل وجدان راؤ کے ہمراہ ’اکھ لڑی بدوبدی‘ کی ویڈیو ریلیز کی تھی، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔گانا وائرل ہونے کے بعد وجدان راؤ پر تنقید بھی کی گئی کہ انہوں نے اپنے دادا کی عمر کے شخص کے ساتھ کام کیا۔وجدان راؤ نے گزشتہ ہفتے ہی ویڈیو پیغام میں اعتراف کیا تھا کہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
اب انہوں نے ایک تازہ انٹرویو میں اعلان کیا ہے کہ وہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ دوبارہ کبھی کام نہیں کریں گی۔سوشل میڈیا پر وائرل مختصر ویڈیو میں وجدان راؤ نے یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے اور چاہت فتح علی خان کے درمیان گانے کی کمائی نصف نصف تقسیم کرنے کی بات ہوئی تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ماڈل کے مطابق گانا وائرل ہونے کے بعد چاہت فتح علی خان نے انہیں وعدے کے مطابق رقم نہیں دی اور ان کے ساتھ غلط بیانی کی۔

وجدان راؤ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بدو بدی گانے سے قبل چاہت فتح علی خان کے ساتھ کسی طرح کا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا، کیوں کہ انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ گانا اتنا مقبول جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ چاہت فتح علی خان نے ان کے ساتھ غلط بیانی کی، انہیں دھوکا دیا، اس لیے اب وہ دوبارہ ان کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گی۔
اس سے قبل انہوں نے بتایا تھا کہ چاہت فتح علی خان نے انہیں گانے میں پرفارمنس کے صرف پانچ ہزار روپے دیے ہیں۔

چاہت فتح علی خان کی ویڈیو کو یوٹیوب پر اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جب کہ ’بدو بدی‘ ٹک ٹاک، یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ٹرینڈنگ میں بھی رہا اور اسے بھارتی صارفین کی جانب سے بھی بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں