اسلام آباد(نیا محاز ) وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن علی زیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی طلباء کو مکمل مدد اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بشکیک میں پاکستانی سفیر سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور انہیں ہاسٹلز کا دورہ کرکے پاکستانی طلباء سے ملاقات کی ہدایت کی۔
پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا۔ پاکستانی سفارت خانہ زخمی طلباء کی معاونت کررہا ہے۔
وزیراعظم نے سفیر کو طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے، بروقت معلومات فراہم کرنے، زخمی طلباء کو ہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے اوروطن واپس آنے کے خواش مند زخمی طلباء کی فوری واپسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغیزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ اس صورتحال میں اپنے طلباء کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے. ہماری حکومت، کرغیزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے