حکمران ٹولے نے 2 برسوں میں ساڑھے 3 ہزار ارب کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی، چیف جسٹس فارم 47 اور دبئی لیکس پر ایکشن لیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن
لاہور( نیا محاز اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی 2024ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دبئی لیکس میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے پورے کے پورے ٹبر شامل ہیں، حکمران ٹولے نے 2 برسوں میں ساڑھے 3 ہزار ارب کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دبئی لیکس نے پانامہ اور پنڈورا کے زخم بھی تازہ کردیے، کیسا نظام ہے قوم کا خون نچوڑ کرسرمایہ باہر بھیجو اور حکمرانی یہاں کرو، دبئی پراپرٹی لیکس میں سیاستدانوں، جرنیلوں، بیورو کریٹس، صنعتکاروں کے نام آئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دبئی لیکس میں نون لیگ، پیپلز پارٹی کے پورے کے پورے ٹبر شامل ہیں، حکمران ٹولہ نے دوبرسوں میں ساڑھے تین ہزار ارب کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی، بیرون ملک جائیدادوں کی منی ٹریل پیش کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس فارم 47 اور دبئی لیکس پر ایکشن لیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا کسان پیکج کرپشن کا نیا دھندہ ہے، جماعت اسلامی کسانوں کو حق دلائے گی، 19مئی کو پشاور میں غزہ ملین مارچ ہو گا۔
دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق دبئی لیکس پر نیب نے متحدہ عرب امارات سے تفصیلات لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے ان تمام ملزمان کے خلاف متحدہ عرب امارات کی حکومت سے تفصیلات لینے کا فیصلہ کیا ہے جن کے نام دبئی لیکس میں آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب صرف ان ملزمان کی تفصیلات کے لئے لکھے گا جن کے خلاف نیب میں پہلے ہی تحقیقات ہورہی ہے۔نیب نے فرحت شہزادی اور ان کے شوہر کی دبئی میں جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، نیب لاہور فرحت شہزادی کے خلاف تحقیقات کررہا ہے۔نیب ہیڈکوارٹرز دفتر خارجہ کے تعاون سے حکومت متحدہ عرب امارات کو خط لکھے گا۔