0

ہتھیائی رقم ہڑپ کرنے کیلئے اپنے اغواء اور قتل کا ڈرامہ رچانے والا شخص پکڑا گیا

ملزم نے اپنے جھوٹے قتل کی ویڈیو اپنے اہل خانہ کو بھیجی اور اپنے مبینہ اغواء و قتل میں ن لیگی رہنماء کو پھنسانا چاہتا تھا
شیخوپورہ ( نیا محاز اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں ہتھیائی ہوئی رقم ہڑپ کرنے کیلئے اپنے اغواء اور قتل کا ڈرامہ رچانے والا شخص پکڑا گیا، ن لیگی رہنما رمضان صدیق بھٹی کے ساتھ بھاری رقم کے فراڈ میں ملوث ملزم اپنے مبینہ اغواء و قتل میں رمضان صدیق بھٹی کو پھنسانا چاہتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں پولیس نے اپنے مبینہ اغوا کے بعد قتل کا ڈرامہ رچانے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے جہاں قصور کے علاقے قادر آباد سے تعلق رکھنے والے ملزم عاصم جمشید نے پہلے مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما رمضان صدیق بھٹی سے فراڈ کرکے بھاری رقم ہتھیائی اور بعد میں اس رقم کو ہڑپ کرنے کے لیے اپنے مبینہ اغوا اور قتل کا ڈرامہ رچایا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم عاصم جمشید مبینہ طور پر 28 فروری سے لاپتا تھا جس کے مبینہ اغواء کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں 11 مارچ کو درج کیا گیا، ملزم نے اپنے جھوٹے قتل کی ویڈیو اپنے اہل خانہ کو بھیجی تھی جس پر آئی جی پنجاب نے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، ڈی پی او قصور کی سربراہی میں پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ملزم عاصم جمشید کو گرفتار کرلیا۔

دوسری طرف لاہور میں بیوی کو زندہ جلا کر مارنے والا شوہر سوتیلے بیٹے سمیت گرفتار کر لیا گیا، ملزم نے بیوی کو کچن میں آگ لگنے کا ڈرامہ رچایا، پولیس کا کہنا ہے کہ بیوی کو زندہ جلا کر مار دینے اور کچن میں آگ لگنے کا رنگ دینے والوں کیخلاف مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں شوہر راجہ نذیر اور سی ٹی ڈی انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ راجہ نذیر نے تبسم سے دوسری شادی کی تھی، ملزم کے سالے مدعی مقدمہ کے مطابق اس کا بہنوئی ملزم راجہ نذیر بہن کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا، ملزم نے موقف اختیار کیا کہ تبسم کو چائے بناتے آگ لگی جب کہ موقع پر پہنچے تو آگ کچن کی بجائے کمرے میں لگی تھی۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ اور حالات و واقعات نے ملزم کے بیان کی نفی ہو رہی تھی جس کے بعد انہیں گرفتارکرلیا گیا ہے جب کہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں