مالیاتی سکینڈلز میں 2 خاندان نہ جگمگائیں یہ نہیں ہو سکتا،بئی پراپرٹی لیکس پر سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہئے۔ پاکستانیوں کا 11 ارب ڈالر باہر پڑا ہوا ہے،میڈیا سے گفتگو
ملتان(نیا محاز اخبارتازہ ترین۔15 مئی 2024) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کسان رل رہا ہے اور انہی کسانوں کے پیسے سے دبئی میں پراپرٹیز لی جارہی ہیں،مالیاتی سکینڈلز میں 2 خاندان نہ جگمگائیں یہ نہیں ہو سکتا، کوئی بھی مالیاتی سکینڈل سامنے آتا ہے تو ان دونوں خاندانوں کا نام سرفہرست ہوتاہے۔
ملتان میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دبئی پراپرٹی لیکس پر سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہئے۔
پاکستانیوں کا 11 ارب ڈالر باہر پڑا ہوا ہے۔ دبئی لیکس پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان ان کو اس لئے برا لگتا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف بات کرتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی ان کیلئے اس لئے ولن ہیں کہ وہ ان کی کرپشن پر بات کرتے ہیں۔ملک میں1 ارب ڈالر کیلئے بجلی اور گیس کے بل کہاں تک پہنچا دئیے گئے ہیں اور پاکستانیوں کا 11ارب ڈالر دبئی کے بینکوں میں پڑا ہوا ہے۔
گفتگو کے دوران فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے بات ہوسکتی ہے اس کیلئے ماحول کی ضرورت ہے۔ ایک بار ماحول بنا دیں پھر سب سے بات ہو سکتی ہے لیکن ماحول بنانے کیلئے عدت کے کیسز کو ختم کرنا ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ نے ظل شاہ قتل کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظوری کر لی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے فواد چودھری کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فواد چودھری پر الزام ہے کہ انہوں نے حقائق کو چھپایا ہے، سابق وفاقی وزیر نے ریاست کو بتایا نہیں کہ ایک شخص کی گاڑی سے ظل شاہ کا حادثہ ہوا تھا۔جسٹس انوار الحق پنوں نے استفسار کیا تھاکہ فواد چودھری پر لگایا گیا الزام قابل ضمانت ہے؟ جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ جی وہ الزام قابل ضمانت ہے۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے ظل شاہ قتل کیس میں فواد چودھری کی عبوری ضمانت منظور کرلی تھی۔