ڈائننگ کار میں 40 سے زائد کھانے موجود ہونگے،خیبر میل ،علامہ اقبال ایکسپریس میں بھی نئی ڈائننگ کار لگائی جائے گی
لاہور(نیا محاز اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 15 مئی2024ء) پاکستان ریلوے نے تیز گام ایکسپریس میں پریمیم لائونج ڈائننگ کار کا اضافہ کر دیا،20 مئی سے تیز گام کے مسافر نئی ڈائننگ کار کی سہولیات سے محظوظ ہو سکیں گے۔ ریلوے کے مطابق نئی کار میں بیٹھنے کی جگہ کو مزید کشادہ کیا گیا ہے،ڈائننگ کار میں 40 سے زائد کھانے موجود ہوں گے،کار کے مینیو میں سوپ، برگر، پیزا، کڑاہی بھی شامل کی گئی ہے۔
ڈائننگ کار میں ایک وقت میں 35 مسافر کھانا کھا سکیں گے۔ ترجمان کے مطابق اس سے قبل بہائوالدین زکریا ایکسپریس میں پریمیم لائونج ڈائننگ کار لگائی گئی تھی،زکریا ایکسپریس میں کامیابی پر نئی ڈائننگ کار کا دائرہ کار بڑھایا گیا،اگلے چند ہفتوں میں خیبر میل اور علامہ اقبال ایکسپریس میں بھی نئی ڈائننگ کار لگا دی جائے گی۔
سی ای او ریلوے عامر بلوچ کے مطابق نئی ڈائننگ کار کے اضافے سے مسافروں کا سفری تجربہ پہلے سے بہت بہتر ہو گا، ریلوے آمدن 70 ارب سے بھی زائد ہو چکی، ہد ف سے 7 ارب زیادہ کما لیے ہیں، ریکارڈ ریلوے آمدن کے ثمرات سہولیات میں بہتری کی صورت مسافروں تک پہنچائیں گے، راولپنڈی، ملتان اور لاہور اسٹیشنز پر ایگزیکٹو واش رومز بھی بنا رہے ہیں، تینوں اسٹیشنز پر مسافر یکم جون سے ایگزیکٹو واش رومز استعمال کر سکیں گے، چھوٹے پلیٹ فارمز کو اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں۔