0

پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہے،محسن نقوی

پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دشمن پاک چین مضبو تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتا،وفاقی وزیر داخلہ کی چینی سفیر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(نیا محاز اخبارتازہ ترین۔09 مئی 2024 ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہے،پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دشمن پاک چین مضبو تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتا، چینی سفیرنے وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کا خیرمقدم کیا۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چین کے سفارت خانے کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔دونوں رہنماوٴں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر کی ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میںپاکستان بھر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی اور بشام واقعہ پر ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی، چین کے سفیر نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشام واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ تھا،پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی میں چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا اور قونصل جنرلز سے ملاقات کی، چینی قونصل جنرلز نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔پاکستان بھر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے نئے ایس او پیز بنا ئے گئے ہیں، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر کو ہر صورت عبرتناک انجام تک پہنچایا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں