امتحانات میں 1لاکھ 95ہزار 6سو سے زائد امیداوار شرکت کر رہے ‘بورڈ حکام
لاہور (نیا محاز اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) لاہور بورڈ سمیت صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا۔لاہور بورڈ حکام کے مطابق امتحانات میں 1لاکھ 95ہزار 6سو سے زائد امیداوار شرکت کر رہے ہیں، جمعہ کے روز 6مضامین کے امتحات منعقد ہوئے ۔حکام نے بتایا کہ لاہور ڈویژن میں 800سے زیادہ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144نافذ کی گئی ہے جبکہ نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں۔
بورڈ حکام کا مزید کہنا ہے کہ نگران عملے کی ڈیوٹی یقینی بنانے کے لیے ایسنشل سروس ایکٹ نافذ کیا گیا ہے۔دوسری طرف کمشنر لاہور و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری بورڈ بشری انصاری، کنٹرولر امتحانات زاہد میاں اور رجسٹریشن و پورٹل انچارجز نے شرکت کی۔
اجلاس میں لاہور بورڈ سے منسلک ہونے کیلئے درخواست گزار سکولز اور کالجز کا جائزہ لیا گیا، کمشنر لاہور نے بورڈ انتظامیہ کے درخواست گزار اداروں کے وزٹس، ریئل ٹائم ویڈیوز اور کاغذات کا جائزہ لیا۔
چیئرمین بورڈ نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن بھیجنے والے کسی امیدوار طالب علم یا طالبہ کا تدریسی سال ضائع نہیں ہونا چاہیے، کمشنر نے بورڈ انتظامیہ کو داخلے بھیجنے والے ادراوں کے پورٹل کھولنے کی مشروط اجازت بھی دے دی۔کمشنر لاہور نے سکروٹنی کے بعد لاہور بورڈ کو 21 نجی اداروں کے پورٹلز اوپن کر کے طلبا کے داخلے بھیجنے کی اجازت دے دی۔