لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کپتان شان مسعود نے کہا کہ اس دفعہ پی سی بی نے ریڈ بال کرکٹ کے لیے کافی کام کیا ہے۔ ریڈ بال کے لیے کیمپ لگائے گئے، کھلاڑیوں نے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا چیمپئن ٹیم ہے، ان کے خلاف بہترین کھیل کر اپنا مورال بہتر کریں گے۔ ٹیسٹ میچز جیتنے کے لیے 20 وکٹیں حاصل کرنی پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سائیکل میں ہوم سیریز بہت اہم ہوتی ہے۔ پچھلی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں رزلٹ اچھے نہیں رہے لیکن کچھ مثبت چیزیں رہیں۔ پوری کوشش کریں گے کہ آغاز اچھا کریں۔
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ فلیٹ ٹریک پر دونوں ٹیمیں 600 رنز کریں تو اس کا فائدہ نہیں ہے۔ اچھے نتائج کے لیے اپنے رنز کی قربانی دینی پڑتی ہے۔ رنز کنڈیشن کے حساب سے بنتے ہیں، ہر میچ میں سنچری ضروری نہیں ہے۔
شان مسعود نے مزید کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں نئی کنڈیشنز ہوں گی تو کنڈیشنز کو جلدی سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ساجد خان ان کنڈیشنز میں ہمارے بہت اہم بولر ہیں، بدقسمتی سے ان کو وائرل فلو ہوگیا تھا، پلیئرز کی فٹنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم کو تیار کریں گے۔
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ ہوم کنڈیشن کا فائدہ اٹھانا بہت اہم ہے، ہر ٹیم اپنے مطابق کنڈیشن تیار کرتی ہے۔ پہلے ان کنڈیشن میں تین اسپن بولر اور ایک فاسٹ بولر کے ساتھ گئے لیکن اب کنڈیشن دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ ٹیم بنانے میں ریورس سونگ کا عنصر بھی شامل کیا ہے۔