فریحہ الطاف، عدنان صدیقی، ثنا بلوچ سمیت کئی معروف شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں اس سانحے پر دکھ کا اظہار کیا اور بچوں کے تحفظ کے لیے زیادہ احتیاط اور آگاہی پر زور دیا۔
اداکارہ اور میزبان فریحہ الطاف نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’میں شدید صدمے میں ہوں، ملک میں ایسے واقعات کوئی نئی بات نہیں رہے، یہ انتہائی ہولناک جرم ہے۔‘‘
فریحہ الطاف نے کہا کہ ’’بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے زیادہ تر واقعات ایسے افراد کی جانب سے ہوتے ہیں جنہیں خاندان جانتا اور ان پر اعتماد کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ دوستوں، پڑوسیوں یا گھریلو ملازمین پر بچوں کے حوالے سے اندھا اعتماد نہ کریں، اور اگر کوئی بچہ نامناسب رویے یا چھونے کی شکایت کرے تو اس کی بات پر یقین کریں کیونکہ بچے جھوٹ نہیں بولتے