پی سی بی نے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان کر دیا

1

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ 2026-27 کے شیڈول اور چاروں ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔ ون ڈے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، فائنل سمیت مجموعی طور پر سات میچز ہوں گے۔ تمام ڈے اینڈ نائٹ میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے

پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ نئے ڈومیسٹک سیزن اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا آغاز ثابت ہوگا۔ نیشنل سلیکشن کمیٹی نے چار ٹیموں کے لیے 11، 11 رکنی اسکواڈز جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے جنہیں انجری کی صورت میں شامل کیا جا سکے گا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز حصہ لیں گی۔ شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے جبکہ اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ ہیڈ کوچز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں عبدالصمد، حیدر علی، معاذ صداقت اور محمد نواز شامل ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان کی ٹیم میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت نمایاں کھلاڑی ہیں۔

صائم ایوب کی قیادت میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان کھیلیں گے، جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس شامل ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا بورڈ کی ترجیح ہے تاکہ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری مؤثر انداز میں کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں