ایرانی میڈیا کے مطابق شہید آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ کل بروز اتوار نماز فجر کے بعد متوقع ہے جب کہ میتوں کو شیشے کے تابوت میں عوامی دیدار کے لیے رکھ دیا گیا ہے۔
آج صبح ہی سے ہزاروں سوگواران جامع مصلیٰ میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ کمپلیکس کا مرکزی صحن سوگواروں سے بھر گیا جبکہ شہر بھر میں ٹریفک پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ متعدد افراد کئی کئی کلومیٹر پیدل چل کر مقامِ جنازہ پہنچے جبکہ میٹرو اسٹیشنوں پر بھی غیر معمولی رش دیکھا گیا۔
جامع مصلیٰ میں یہ غمزدہ افراد اپنے رہبر معظم کا آخری دیدار کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ آج سارا دن جاری رہے گا جب کہ کل نماز جنازہ میں 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں سمیت ایک کروڑ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔ جس کے لیے تہران میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایران کی وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ تہران اور ملک کے دیگر علاقوں میں 5 ہزار سے زائد اسکول اور تقریباً 40 سے 50 ہزار کلاس رومز ملک بھر سے آنے والے زائرین کی قیام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔