وزیراعظم محمد شہباز شریف سے استنبول میں ترکیہ کے سرکردہ کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور معیشت کے کلیدی شعبوں میں ترکی کی مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی چالک ہولڈنگ (Çalık Holding) کے چیئرمین احمد چالک، البیرک گروپ (Albayrak Group) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر رفعت حصارسیکیعلو سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے غیر معمولی تعلقات کو ایک مضبوط اقتصادی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے میکرو اکنامک (مجموعی معاشی) بنیادی عوامل، سرمایہ کار دوست پالیسی فریم ورک اور شفاف، پیش گوئی کے قابل اور کاروبار دوست سرمایہ کاری کا ماحول یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو نمایاں کیا۔