بھارت کی وزارت خارجہ کی جانب سے 29 جون کو جاری بیان پر پاکستان کے ردعمل سے متعلق ذرائع ابلاغ کے سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف پاکستان کی جائز، ہدفی اور متناسب کارروائیوں کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز بیان ایسے ملک کی جانب سے سامنے آیا ہے جو تاریخی طور پر اپنے ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتا رہا ہے، ان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقصان پہنچاتا رہا ہے اور وہ اب بھی اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کو دبائے ہوئے ہے۔