ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے دنانیر مبین نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح اس وقت ان کا کام، اہداف اور ذاتی ترقی ہے، اور وہ محبت کی خاطر اپنی پیشہ ورانہ زندگی کو قربان کرنے پر یقین نہیں رکھتیں۔ اداکارہ کے مطابق وہ کسی شخص کو حاصل کرنے کے لیے خود کو اس حد تک نہیں لے جائیں گی کہ اپنی شناخت یا مستقبل کو نقصان پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ اپنی زندگی سے مطمئن ہیں، اپنے کام پر مکمل توجہ دے رہی ہیں اور اپنے کیریئر کو بہتر انداز میں آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔ دنانیر کا کہنا تھا کہ محبت یقیناً زندگی کا ایک اہم پہلو ہے، مگر وہ اسے اپنی کامیابیوں پر غالب نہیں آنے دیں گی۔
اداکارہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مداح اکثر انہیں مختلف ساتھی اداکاروں کے ساتھ جوڑتے رہتے ہیں، جس پر اگرچہ وہ اس بات کو ڈراموں کی مقبولیت سمجھتی ہیں، تاہم اس کے اثرات ان کی فیملی پر ضرور پڑتے ہیں۔
دنانیر کے مطابق ان کے والدین بعض اوقات سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں یا قیاس آرائیوں سے پریشان ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ صورتحال کبھی کبھار ان کے لیے مشکل بھی بن جاتی ہے۔