ایران جنگ کا 37واں دن: امریکی پائلٹ ڈرامائی آپریشن میں بازیاب، آبنائے ہرمز پر ٹرمپ کی ڈیڈ لائن مسترد

1

امریکی صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں مار گرائے گئے ایف-15 ای جنگی طیارے کے لاپتا عملے کے ایک رکن کو ایک خطرناک ریسکیو آپریشن کے دوران بازیاب کر لیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس کارروائی میں شدید جھڑپیں ہوئیں اور خصوصی فورسز نے حصہ لیا۔

دوسری جانب ایران نے امریکی صدر کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے دی گئی 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن کو مسترد کرتے ہوئے اسے غیر سنجیدہ اور غیر متوازن قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی سپلائی کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے جہاں سے تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں میں مہشہر پیٹروکیمیکل زون میں 5 افراد جاں بحق اور 170 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک 30 سے زائد جامعات کو بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اصفہان کے علاقے میں ایک امریکی ریپر ڈرون کو مار گرایا ہے، جو لاپتا امریکی اہلکار کی تلاش میں مصروف تھا۔ تاہم امریکا کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

خلیجی ممالک میں بھی کشیدگی برقرار ہے۔ کویت میں ایرانی ڈرون حملوں کے باعث بجلی اور پانی کے دو بڑے پلانٹس متاثر ہوئے، جبکہ بحرین اور متحدہ عرب امارات میں بھی حملوں کے بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی اور بعض صنعتی تنصیبات کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔

روس نے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ سے مزید 200 اہلکاروں کو نکال لیا ہے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ ایسے حملے خطے کو ایٹمی آلودگی کے خطرے سے دوچار کر سکتے ہیں۔

ادھر اسرائیل میں بھی خطرے کی گھنٹیاں بجتی رہیں، جہاں ایران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے میزائل حملے جاری ہیں۔ تل ابیب اور دیگر علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ فضائی دفاعی نظام کو مسلسل متحرک رکھا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں