0

’ویرات کوہلی ، روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے بھارتی ٹیم کو معذور بنا دیا ‘عرفان پٹھان اپنی ٹیم پر برس پڑے

ممبئی (نیا محاز )بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی، روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے بھارتی ٹیم کو معذور بنا دیا ہے۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور بھارتی ٹیم بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے امریکا میں ڈیرے ڈال چکی ہے۔عرفان پٹھان سمجھتے ہیں کہ بھارت کی پلیئنگ الیون میں زیادہ بولنگ آپشن ہونے چاہئیں کیونکہ روہت شرما، ویرات کوہلی اور سوریا کمار یادیو بولنگ نہیں کرتے، تینوں نے ٹیم کو معذور بنا دیا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹرز نے ٹیم میں یشاسوی جیسوال کی شمولیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹنگ کے ساتھ ضرورت پڑنے پر بولنگ بھی کر سکتے ہیں۔عرفان پٹھان کا کہنا تھا جو سکواڈ موجود ہے اس کے ساتھ بھارتی ٹیم کے پاس دو کمبی نیشن موجود ہیں، ایک تو یہ ہے کہ بھارتی ٹیم اپنے بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کرنے کیلئے اکسر پٹیل کے ساتھ میدان میں اترے۔ایک آپشن یہ بھی ہے کہ چار بولرز کے ساتھ میدان میں اترا جائے اور ہاردک پانڈیا اور شیوم ڈوب سے بولنگ کروائی جائے، اگر ہادرک پانڈیا 3 سے 4 اوور بولنگ کروا سکتے ہیں تو پھر تو یہ مسئلہ حل ہو جاتا ہے، ہاردک پانڈیا، شیوم ڈوب اور یشاسوی جیسوال بولنگ کرتے ہیں تو یہ بھارتی ٹیم کے لیے سود مند ہو گا۔
سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا آسٹریلیا کے پاس مچل مارش، گلین میکسویل اور کیمرون گرین جیسے کھلاڑی ہیں جو بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی کروا سکتے ہیں، اگر ہم انگلینڈ کی بات کرتے ہیں تو ان کے ساتھ بھی ول جیک، معین علی اور لیام لیونگ اسٹون موجود ہیں، اس صورتحال میں ویرات کوہلی، روہت شرما اور سوریا کمار یادیو بھارتی ٹیم کو معذور بنا دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں