کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا کی ٹیم کو 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا رہا اور اس کے کھلاڑی پے درپے آؤٹ ہوتے رہے۔
16 وویں اوور تک نمیبیا کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور ٹیم کا مجموعی اسکور96 تھا، فرائیلنک 9، لافٹی ایٹون 5، اسٹینکیمپ 23 اور کپتان جرہارڈ ایراسمس 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
17ویں اوور کی تیسری گیند پر نمیبیا کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوئے، 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم محض 97 رنز اسکور کرسکی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے چار، شاداب خان نے تین جب کہ نواز اور سلمان مرزا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی بیٹنگ
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ اور صاحبزادہ فرحان کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت پاکستان نے نمیبیا کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان 100 اور شاداب خان 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نمیبیا کی جانب سے جیک براسل نے 2 اور جرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔