آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورۂ انڈونیشیا کے دوران صدر پربوو سوبیانتو سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ائیر چیف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی روابط کو اجاگر کیا۔
قبل ازیں ائیر چیف نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجافری سجامسو الدین، مسلح افواج کے کمانڈر اور انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ سے بھی علیحدہ علیحدہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، جہاں انہیں تمام مقامات پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں دونوں جانب سے فضائی افواج کے مابین تعاون، بنیادی سے جدید سطح تک مشترکہ تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور ابھرتے ایرو اسپیس شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے جنگی تجربے اور تربیتی مہارت کو سراہتے ہوئے آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ میں معاونت کی خواہش ظاہر کی۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو دوطرفہ فضائی تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار پر انڈونیشین فضائیہ کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز “میڈل آف آنر” بھی عطا کیا گیا۔