0

عدالت نے تسلیم کیا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ انصاف نہیں ہوا،شازیہ مری

اسلام آباد (نیا محاز اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 13 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ عدالت نے تسلیم کیا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ انصاف نہیں ہوا،شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فیصلہ آنے کے بعد اب پیپلز پارٹی عدالتی اصلاحات دوبارہ لانے کی کوشش کرے گی۔
اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ عدالت نے تسلیم کیا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔
انہوںنے کہاکہ بہت سماعتوں کے بعد عدالت نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف ٹرائل میں نا انصافی ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ عدالت خود تسلیم کر چکی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سزا غلط اور انصاف پر مبنی نہیں تھی۔ شازیہ مری نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فیصلہ آنے کے بعد اب پیپلز پارٹی عدالتی اصلاحات دوبارہ لانے کی کوشش کرے گی تاکہ عدلیہ مضبوط ہو۔

انہوںنے کہاکہ میثاق جمہوریت میں عدالتی اصلاحات پر اتفاق کیا تھا جس پر بد قسمتی سے عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ شازیہ مری نے کہاکہ میثاق جمہوریت پر 90 فیصد عملدرآمد ہوا جبکہ دس فیصد ابھی باقی ہے جس 10 فیصد میں عدالتی اصلاحات بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم جو اصلاحات کرنا چاہتے تھیں ان میں آئینی عدالت کا قیام اور ججوں کی تقرری کا طریقہ کار شامل تھا۔
انہوںنے کہاکہ جیسے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا سیاست کو دشمنیون میں تبدیل کیا گیا ہے اس وقت ہمارے معاشرے میں نفرت کی سیاست ہے۔ انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے ہم اپنے معاشرے میں اختلاف رائے کا احترام نہیں کرتے۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سیاسی مذاکرات اور مفاہمت پر یقین رکھتی ہے،1973 کا آئین اتفاق رائے کا نتیجہ تھا۔ شازیہ مری نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ خطاب میں مفاہمت کا پیغام دیا لیکن بدقسمتی کچھ لوگوں سے ہضم نہیں ہوا۔
شازیہ مری نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شروع سے خواہش ہے کہ عوام اور ملک کے خاطر ملکی مسائل کا حل سب مل بیٹھ کر نکالیں۔ انہوںنے کہاکہ مثبت کردار اور سیاست ملک کو آگے لے کر جائے گی اور انشاء اللہ پیپلز پارٹی مثبت کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں