0

غزہ کے لیے امدادی جہاز قبرص سے روانہ

نیکوسیا (نیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) قبرص نے غزہ کے لئے امدادی سامان سے بھرا جہاز لارناکا بندرگاہ سے روانہ کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق قبرص (سائپرس)کے وزیر خارجہ کونسٹین ٹینوس نے کہا ہے کہ غزہ کو زیادہ سے زیادہ امداد پہنچانے کی غرض سے امدادی سامان سے لیس جہاز لارناکا بندرگاہ سے روانہ ہو گیا ہے۔دو ماہ قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ کے ساحل سے کئی میل کے فاصلے پر عارضی بندرگاہ تعمیر کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
یہ امداد غزہ کےافرادکے لیے بہت ضروری ہے بالخصوص جب اقوام متحدہ خبردار کر چکا ہے کہ جنگ زدہ افراد قحط کے دہانے پر ہیں جبکہ دوسری جانب اسرائیل نے ایک لاکھ فلسطینیوں کو رفح خالی کرنے کا کہا ہے۔تین روز قبل اسرائیل نے مصر کی سرحد پر واقع رفح راہداری کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے ٹینک بھیجے تھے۔

غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے یہ ایک اہم راہداری سمجھی جاتی ہے۔

امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ سمندر کے ذریعے پہنچے والی امداد غزہ کے افراد کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے کافی نہیں ہوگی اور سب سے موثر طریقہ زمینی راستوں سے امداد کی ترسیل ہے۔رواں ہفتے رفح راہداری اور قریبی کریم شیلوم کراسنگ کے بند ہونے سے خوراک، دیگر سامان اور امدادی ٹرکوں اور جنریٹرز کے لیے ایندھن کی ترسیل بھی بند ہو گئی ہے۔امدادی گروپس نے خبردار کیا ہے کہ صرف چند دنوں کا ایندھن بچا ہے جس کے بعد امدادی آپریشن اور ہسپتال بند ہونا شروع ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں