0

لاہور میں گردوں کا غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کرنے والا ہسپتال پکڑاگیا،4ملزمان گرفتار

ایف آئی اے اور ہوٹانے کارروائی کرتے ہوئے کچا راوی روڈ پر قائم شمع ہسپتال میں کارروائی کرتے ہوئے د و ڈونر اور دو رسیوورکو پکڑلیا،مریضوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا

لاہور(نیا محاز اخبارتازہ ترین۔09 مئی 2024 ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایف آئی اے اور ہوٹانے کارروائی کرتے ہوئے کچا راوی روڈ پر قائم گردوں کا غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کرنے والا ہسپتال پکڑ لیا،4ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،کارروائی کے دوران شمع ہسپتال سے دو ڈونر اور دو رسیوور پکڑے گئے،مریضوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر لاہور کے علاقے کچا راوی روڈ پر قائم گردوں کے غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کرنے والے شمع ہسپتال میں چھاپہ مارا جہاں گردوں کی غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کا کام جاری تھا ۔
کارروائی میں شمع ہسپتال سے دو ڈونر اور دو رسیوور موقع سے پکڑے گئے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ڈونرز میں عنصر ریاض کا تعلق چیچہ وطنی سے ہے جبکہ فیصل آباد کی رہائشی بزرگ خاتون شاہین کو شمع ہسپتال میں غیر قانونی طور پر گردہ لگایا گیا اسی طرح کھاریاں کے ایک اور رہائشی امتیاز کو 20لاکھ روپے میں غیر قانونی طور پر گردہ لگایا گیا۔

ڈی جی ہوٹا کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں چھاپے کے دوران مریضوں کو فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایف آئی اے ٹیم نے شمع ہسپتال کو سیل کرکے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی لاہور میں گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کرنے والے ایک گروہ کو پکڑا گیا تھاجس نے 90 افراد کے گردے نکالے تھے ۔اس حوالے سے ایس پی صدر سدرہ خان کا کہنا تھا کہ گروہ میں ملوث ملزمان نوکری کا جھانسہ دے کرشہریوں کو اسلام آباد لے جاتے تھے، غیر قانونی پیوند کاری کا عمل اسلام آباد کے فارم ہاوٴس میں کیا جاتا تھا۔
ملزمان کا ٹارگٹ غریب اور بھٹہ مزدورہوتے تھے۔ گروہ کے ملزمان نوکری دینے کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کا کہہ کر گردہ نکالتے تھے، ایک گردہ پچیس سے پچاس لاکھ میں بیچا جاتا تھا جس میں ڈاکٹر براہ راست ڈونر سے رابطہ نہیں کرتا تھا۔دوران کارروائی پولیس نے وقوعہ سے انسانی اعضاءکی تبدیلی کیلیئے استعمال ہونے والے آلات، ممنوعہ ادویات سمیت دیگر سامان اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں