دفاعی معاہدے کے بعد پاک سعودی تعلقات کو کاروبار اور سرمایہ کاری سے مزید مضبوط بنائیں گے، وزیراعظم

4

 وزیراعظم ہاؤس میں سعودی عرب سے آئے اعلیٰ سطح کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شرکا سے گفتگو کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہاں ایک خاندان کی طرح بیٹھے ہیں، گزشتہ چالیس سال سے سیاست میں ہوں، پہلی بار60 کی دہائی کے آخر میں سعودی عرب گیا تھا، سعودی عرب کے کئی دورے کئے،مگر حالیہ دورہ ریاض بالکل منفرد تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی بھائی بہنوں نے ہمیشہ پاکستان کیلئے بے مثال محبت دکھائی جبکہ سعودی عرب نے ہر مشکل اور آزمائش میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔  سعودی عرب کا پاکستان سے تعلق غیر متزلزل اور مستقل عزم پر مبنی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا یہ عزم ہمارے تعلقات کی تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہا اور رہے گا، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی باقاعدہ شکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہرمسلمان مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے،  مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہمیشہ کیلئے محافظ رہیں گے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کو کاروباراورسرمایہ کاری کی بنیاد پرمزید مضبوط بنائیں گے، اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ کاروباری خواب کو حقیقت بنانے کیلئے تعاون سے کام کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں