ہریتک روشن کی بیساکھیوں کے سہارے چلنے کی ویڈیو فوراً سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اور اداکار کی صحت سے متعلق چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔
تاہم ہریتک روشن نے اب سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے نہ صرف اپنی صحت سے متعلق بتایا بلکہ اپنے مخصوص مزاحیہ انداز سے سب کو ہنسا بھی دیا۔
ہریتک نے انسٹاگرام پر تصاویر کے ساتھ ایک طویل نوٹ شیئر کیا جس کا عنوان انہوں نے ’’STATUTORY WARNING‘‘ رکھا۔ انہوں نے مذاقاً لکھا کہ ان کے جسم کے ہر حصے کے ساتھ جیسے ایک الگ ہی ON/OFF بٹن لگا ہوا ہے۔
اداکار کے مطابق ان کا بایاں گھٹنا اچانک ہی ’’چھٹی پر چلا گیا‘‘ اور اسی وجہ سے انہیں بیساکھیوں کا سہارا لینا پڑا۔ انہوں نے لکھا ’’ہم سب ایسے جسم میں رہتے ہیں جس کے بارے میں ہم مکمل طور پر کبھی نہیں جان سکتے کہ وہ کیسے کام کرتا ہے۔ میرا جسم مگر ایک دلچسپ نمونہ ہے۔ اس کے ہر حصے کا اپنا ON/OFF بٹن ہے۔‘‘