اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندوں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی بات چیت کے نتائج کے بارے میں باضابطہ طور پر بریفنگ دی۔
حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کو دی گئی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک سے بات چیت کا جائزہ لیا ہے۔ مذکورہ خط و کتابت میں پاکستان کی زیر قیادت حالیہ چیلنجز کا قابل عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی۔
حکومت پاکستان بی سی بی کے صدر جناب امین الاسلام کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہم برادر ملک بنگلہ دیش کی طرف سے اظہار تشکر کا بڑی گرمجوشی کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
کثیر الجہتی بات چیت و مشاورت کے نتیجے میں حکومت، پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق میدان میں اترنے کی ہدایت کرتی ہے۔
مزید برآں یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، اس عالمی کھیل کے تسلسل کی حمایت اور اس میں شریک تمام ممالک کی خاطر لیا گیا ہے۔ آئی سی سی اور دوست ممالک کے درخواست پر پاکستان نے فیصلہ تبدیل کیا۔
وزیراعظم اور پاکستانی عوام “مین ان گرین” کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم کھیل کے جذبے اور قومی فخر سے عالمی سطح پر قومی شان کے لیے میدان میں اترے گی۔