بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسز  کی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گرد ہلاک

2

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری 2026 کو بلوچستان میں 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

فورسز کی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔  دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں