محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

2

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا۔ آغاز ہی میں اسپیکر نے کہا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔ اس موقع پر اسپیکر نے چیف وہپ کو اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے لیے اپنے چیمبر میں بلا لیا اور کہا کہ عامر ڈوگر آپ میرے چیمبر آئیں، آپ کو نوٹیفکیشن دینا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

اجلاس کے دوران پاکستان نرسنگ کونسل آرڈیننس قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، جو وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔ اس کے علاوہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ ترمیمی بل 2026، درآمدات و برآمدات ایکٹ ترمیمی بل، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تنظیم نو ترمیمی بل، لائف انشورنس نیشنل لائیزیشن ترمیمی بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے برآمدی ترقی فنڈ ترمیمی بل 2026، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2026، پاکستان ٹیلی مواصلات تنظیم نو ترمیمی بل، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل، متبادل تنازع جاتی تصفیہ ترمیمی بل اور علاقہ دارالحکومت اسلام آباد ملکیت و انتظام بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیے۔

تمام بلز وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے ایوان میں پیش کیے گئے۔

بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پارٹی کا وفد اسپیکر آفس پہنچا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسپیکر نے آج بلایا تھا، ہم نوٹی فکیشن لینے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا حق تھا ، اپوزیشن لیڈر کی نشست 7 اگست سے خالی تھی۔

اسپیکر نے نوٹی فکیشن بیرسٹر گوہر کے حوالے کردیا، بیرسٹر گوہر نے اچکزئی کو مبارک باد پیش کی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے فارم پر ہم سب نے سائن کیے، محمود خان اچکزئی آج لیڈر آف اپوزیشن منتخب ہوگئے۔

دریں اثنا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزٹ نوٹی فکیشن کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر گزٹ نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

گزٹ نوٹی فکیشن وزیراعظم اور صدر سیکریٹریٹس، کابینہ اور وزارت پارلیمانی امور کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں